برسبین، 17؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اچھی سلامی شراکت داری کے بعد ہندوستان اے نے 16رنوں کے اندر چار وکٹ گنوادیا جس سے آسٹریلیا اے کے خلاف چار روزہ میچ کے تیسرے دن ٹیم نے دوسری اننگ میں چار وکٹ پر 158رن بنایا اور اس کو اننگ کی شکست ٹالنے کے لیے اب بھی 108رنوں کی ضرورت ہے۔ہندوستا ن اے کے پہلے اننگ کے 169رنوں کے جواب میں آسٹریلیا اے نے 435رنز بنائے۔دوسری اننگ میں ہندوستا ن اے کی شروعات اچھی رہی۔سلامی بلے بازوں آل راؤ نڈر اکھل ہیروادکر اور فیض فضل نے پہلے وکٹ کے لیے 30اوور میں 84رن جوڑے۔بائیں ہاتھ کے اسپنر جان ہالینڈ نے اس کے بعد تین وکٹ حاصل کیا جبکہ ایک ہندوستا ن بلے باز رن آؤٹ ہوا جس سے ہندوستان اے نے دن کے کھیل کے اختتام چار وکٹ پر 158رن پر کیا۔دن کا کھیل ختم ہونے پر ہیروادکر 82جبکہ سنجیو سیمسن 34رن بنا کر کھیل رہے تھے۔ہندوستان کی بلے بازی آرڈر کے چرمرانے کا آغاز فضل کے رن آؤٹ ہونے کے ساتھ ہوا جنہون نے 29رن بنائے۔انہوں نے 88گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ہندوستان نے 16رن کے اندر تین اور وکٹ گنوادئیے جس سے اس کا اسکور بغیر وکٹ کے 84رن سے 100رن پر چار وکٹ ہو گیا۔
ہالینڈ نے اس کے بعد ہندوستان بلے بازی کوتہس نہس کردیا ۔انہوں نے کرو نائر کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرنے کے بعد منیش پانڈے کو بیو ویبسٹر کے ہاتھوں کیچ کرایا۔نمن اوجھا نے جیکسن برڈ کو کیچ تھمایا۔ہیروادکر اور سیمسن نے پانچویں وکٹ کے لیے 58رن کی اٹوٹ شراکت کرکے اننگ کو سنبھالا۔ہیروادکر کو دو بار زندگی ملی ۔نک میڈنسن نے انہیں پہلی سلپ میں زندگی دی جبکہ جب وہ 53رن بنا کر کھیل رہے تھے تب برڈ نے لیگ سلپ میں مشکل کیچ ٹپکا دیا۔ہیروادکر نے اپنی 188گیند کی اننگ میں چھ چوکے اور تین چھکے لگائے ہیں جبکہ سیمسن نے 76گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے تین چوکے مارے ہیں۔اس سے پہلے آسٹریلیا اے نے دن کا آغاز پانچ وکٹ پر 319رنوں سے کیا اور 435رن بنا کر 266رنوں کی بڑی سبقت حاصل کی۔آج 99رنوں سے آگے کھیلنے اترے ہلٹن کارٹ رائٹ نے سنچری مکمل کی۔وہ 117رن بنانے کے بعد شاردل ٹھاکر کی گیند پر وکٹ کے پیچھے لپکے گئے۔ٹھاکر نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اننگ میں 10ویں بار پانچ وکٹیں حاصل کیں۔انہوں نے ہندوستان کے باہر پہلی بار یہ کارنامہ کیا۔